روس میں مصوری کے مقابلے میں قوت سماعت سے محروم پاکستانی نوجوان نے گولڈ میڈل جیت لیا

نبیل احمد نے گولڈ میڈل حاصل کرکے ملک کا نام عالمی سطح پر روشن کیا، عابد لاشاری

November 3, 2026 · قومی

نوابشاہ: روس کے دارالحکومت ماسکو میں منعقدہ نیشنل ابیلیمپکس روس 2026 کے مصوری کے مقابلے میں پاکستان کے سماعت سے محروم نوجوان نبیل احمد نے گولڈ میڈل حاصل کرکے ملک کا نام عالمی سطح پر روشن کردیا۔

نیشنل ڈس ایبلٹی اینڈ ڈیولپمنٹ فورم این ڈی ایف پاکستان کے تحت پاکستانی وفد نے31اکتوبر سے 3 نومبر تک منعقد ہونے والے بین الاقوامی مقابلے میں شرکت کی۔ وفد کی قیادت این ڈی ایف پاکستان کے صدر اور نیشنل ابیلیمپکس فیڈریشن پاکستان کے فوکل پرسن عابد لاشاری نے کی۔

اس کامیابی پر عابد لاشاری نے نبیل احمد کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ گولڈ میڈل صرف ایک نوجوان کی انفرادی کامیابی نہیں بلکہ پاکستان کی پوری معذور برادری کی اجتماعی فتح ہے۔