این سی سی آئی اے میں بھرتیاں : جعلی میڈیکل سرٹیفکیٹ بیچنے والا سابق سرکاری افسر گرفتار
گرفتار ملزم محکمہ جنگلات و جنگلی حیات حکومت سندھ کا ریٹائرڈ ڈپٹی سیکریٹری ہے، جو عبداللہ گوٹھ کراچی میں فوٹو اسٹیٹ کی دکان بھی چلاتا ہے
فائل فوٹو
کراچی : نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کراچی نےکارروائی کے دوران بھرتی کے عمل کے دوران امیدواروں کو مبینہ طور پر جعلی میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹس فروخت کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
این سی سی آئی اے حکام کے مطابق کارروائی رزاق آباد ٹریننگ سینٹر، نزد چوکنڈی قبرستان کراچی میں جاری بھرتی کے عمل کے دوران عمل میں لائی گئی، جہاں ایک شخص کو امیدواروں کو جعلی میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹس فراہم کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزم محکمہ جنگلات و جنگلی حیات حکومت سندھ کا ریٹائرڈ ڈپٹی سیکریٹری ہے، جو عبداللہ گوٹھ کراچی میں فوٹو اسٹیٹ کی دکان بھی چلاتا ہے۔ ملزم مبینہ طور پر این سی سی آئی اے میں بھرتی کے لیے آنے والے امیدواروں کو جعلی میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹس فروخت کرنے میں ملوث تھا۔
این سی سی آئی اے نے گرفتار ملزم کے قبضے سے جعلی میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹس بھی برآمد کرلیے ہیں۔ ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے برآمد شدہ جعلی سرٹیفکیٹس سمیت متعلقہ تھانے کی پولیس کے حوالے کیا جا رہا ہے