1500 روپے کے پرائز بانڈ کی قرعہ اندازی 16 نومبر کو حیدرآباد میں ہوگی
خوش نصیب کو پہلا انعام 30 لاکھ روپے ملے گا، جبکہ دوسرے انعام کے طور پر 10 لاکھ روپے دیے جائیں گے
1500 روپے کے پرائز بانڈ کی قرعہ اندازی 16 نومبر کو حیدرآباد میں ہوگی
1500 روپے مالیت کے پرائز بانڈ رکھنے والے شہریوں کے لیے اہم اعلان سامنے آگیا ہے۔ مرکزی ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز نے رواں سال کی آخری قرعہ اندازی کی تاریخ مقرر کردی ہے۔
سرکاری شیڈول کے مطابق 1500 روپے کے پرائز بانڈ کی 108ویں قرعہ اندازی 16 نومبر 2026 کو حیدرآباد میں منعقد ہوگی۔ یہ رواں سال اس مالیت کے پرائز بانڈ کی چوتھی اور آخری قرعہ اندازی ہوگی۔
اعلان کردہ انعامات کے مطابق خوش نصیب کو پہلا انعام 30 لاکھ روپے ملے گا، جبکہ دوسرے انعام کے طور پر 10 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ تیسرے انعام کی رقم 18 ہزار 500 روپے مقرر کی گئی ہے۔
قرعہ اندازی کے نتائج جاری ہونے کے بعد شہری نیشنل سیونگز کی سرکاری ویب سائٹ پر اپنے بانڈ نمبرز چیک کرسکیں گے۔ وہاں کامیاب نمبروں کی مکمل فہرست بھی دستیاب ہوگی۔
نیشنل سیونگز کے مطابق قرعہ اندازی میں شرکت کے لیے ضروری ہے کہ متعلقہ پرائز بانڈ ڈرا کی تاریخ سے کم از کم 60 روز پہلے جاری ہوچکا ہو۔
انعام جیتنے والے افراد اصل پرائز بانڈ، شناختی کارڈ کی نقل اور مقررہ کلیم فارم جمع کرا کے اپنی رقم وصول کرسکیں گے۔ انعامی رقم کا دعویٰ قرعہ اندازی کی تاریخ سے چھ سال کے اندر کیا جاسکتا ہے۔
پرائز بانڈ کی انعامی رقم پر بھی ودہولڈنگ ٹیکس لاگو ہوگا۔ ٹیکس فائلرز کے لیے شرح 15 فیصد جبکہ نان فائلرز کے لیے 30 فیصد مقرر ہے۔