اسلام آباد بلدیاتی انتخابات:1665 فارم جاری،صرف 39 امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے
۔ جمع کرائے گئے کاغذات کی جانچ پڑتال 9 سے 13 نومبر تک ہوگی، جبکہ مسترد ہونے والے کاغذات کے خلاف 14 سے 18 نومبر تک اپیلیں دائر کی جا سکیں گی۔
اسلام آباد بلدیاتی انتخابات:1665 فارم جاری،صرف 39 امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے
اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 2026 کے لیے امیدواروں کی جانب سے تاحال غیر معمولی کم دلچسپی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ گزشتہ شام تک صرف 39 امیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے تھے، جبکہ 3 نومبر تک انتخابی عمل میں حصہ لینے کے لیے مجموعی طور پر 1665 کاغذات جاری کیے جا چکے تھے۔
الیکشن شیڈول کے مطابق کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ 6 نومبر مقرر کی گئی ہے۔ جمع کرائے گئے کاغذات کی جانچ پڑتال 9 سے 13 نومبر تک ہوگی، جبکہ مسترد ہونے والے کاغذات کے خلاف 14 سے 18 نومبر تک اپیلیں دائر کی جا سکیں گی۔
اپیلٹ اتھارٹی 19 سے 23 نومبر تک اپیلوں پر فیصلے کرے گی۔ امیدوار 25 نومبر تک اپنے کاغذات واپس لے سکیں گے، جس کے بعد 26 نومبر کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے۔
اسلام آباد کو بلدیاتی انتخابات کے لیے 125 یونین کونسلز میں تقسیم کیا گیا ہے، جہاں 16 ریٹرننگ افسران امیدواروں کے کاغذاتِ نامزدگی وصول کر رہے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ 20 دسمبر کو ہوگی، جبکہ غیر حتمی نتائج 21 سے 24 دسمبر کے دوران مرتب کیے جائیں گے۔ یہ انتخابات 2015 کے بلدیاتی قانون کے تحت منعقد کیے جا رہے ہیں۔