مستحق افراد کو ایل پی جی پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے ریلیف دیں گے،وزیر پیٹرولیم

ایل پی جی کی درآمد کا عمل مسابقتی بنیادوں پر کھولا جا رہا ہے، جبکہ تمام متعلقہ کمپنیوں کو اپنی ویب سائٹس پر ایل پی جی کی قیمتیں ظاہر کرنا ہوں گی

November 4, 2026 · قومی
مستحق افراد کو ایل پی جی پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے ریلیف دیں گے،وزیر پیٹرولیم

مستحق افراد کو ایل پی جی پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے ریلیف دیں گے،وزیر پیٹرولیم

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ حکومت مستحق افراد کو مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے اعداد و شمار کی بنیاد پر مالی ریلیف فراہم کرے گی۔

اپنے بیان میں وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی کے نرخوں کے مطابق ایل پی جی کی فی کلو قیمت تقریباً 450 روپے بنتی ہے، تاہم بعض عناصر نے اس کی فروخت میں ناجائز منافع خوری کی۔ حکومت عوام کو مناسب قیمت پر ایل پی جی کی فراہمی یقینی بنائے گی۔

علی پرویز ملک کے مطابق ایل پی جی کی درآمد کا عمل مسابقتی بنیادوں پر کھولا جا رہا ہے، جبکہ تمام متعلقہ کمپنیوں کو اپنی ویب سائٹس پر ایل پی جی کی قیمتیں ظاہر کرنا ہوں گی۔ مقامی طور پر تیار ہونے والی ایل پی جی کی فراہمی بھی نیلامی کے ذریعے کی جائے گی۔

وزیر پیٹرولیم نے مزید کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ دسمبر اور جنوری کے دوران ملک میں گیس کی فراہمی برقرار رکھی جائے تاکہ سردیوں میں صارفین کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ عوام پر اضافی مالی بوجھ نہ پڑے۔ حکومت شہریوں کو ریلیف دینے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، جبکہ ایل پی جی سے متعلق فیصلوں کی کابینہ سے منظوری بھی حاصل کر لی گئی ہے۔