پشاور میں بائیکیا رائیڈر سلمان کے اندھے قتل کا معمہ حل، بیوی سمیت 3 ملزمان گرفتار

پولیس نے موبائل فون ڈیٹا اور جدید سائنسی طریقوں سے اہم شواہد اکٹھے کیے۔

November 25, 2026 · قومی
پشاور میں بائیکیا رائیڈر سلمان کے اندھے قتل کا معمہ حل، بیوی سمیت 3 ملزمان گرفتار

پشاور میں بائیکیا رائیڈر سلمان کے اندھے قتل کا معمہ حل، بیوی سمیت 3 ملزمان گرفتار

پشاور میں بائیکیا رائیڈر کے اندھے قتل کا معمہ حل ہوگیا، جہاں تین بچوں کے باپ سلمان کو مبینہ طور پر اس کی اپنی بیوی اور سوتیلی والدہ نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر قتل کروایا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو خواتین سمیت تین ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

پولیس کے مطابق مقتول سلمان کی بیوی کے دیگر افراد کے ساتھ مبینہ تعلقات اور موبائل فون کے استعمال پر شوہر سے اختلافات قتل کی بڑی وجہ بنے۔ ملزمان نے سلمان کو راستے سے ہٹانے کے لیے منصوبہ بندی کی اور قتل کی واردات کو رہزنی کا رنگ دینے کی کوشش کی۔

پولیس کے مطابق مقتول سلمان ولد اشفاق خان سکنہ لنڈی ارباب بھانہ ماڑی محنت مزدوری کے لیے بائیکیا رائیڈر چلاتا تھا، جسے 19 نومبر کو تھانہ بھانہ ماڑی کی حدود گلونو ڈاگ میں فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا۔

واقعے کے بعد مقتول کے سوتیلے بھائی اسماعیل کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کی گئی تھی۔

سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی احکامات جاری کیے تھے، جن پر عمل درآمد کرتے ہوئے پولیس ٹیموں نے جدید سائنسی طریقوں اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے اہم شواہد اکٹھے کیے۔

پولیس کے مطابق جدید سائنسی خطوط پر تفتیش اور موبائل فون ڈیٹا کی مدد سے انکشاف ہوا کہ مقتول کی بیوی کے جاوید اقبال اور عابد نامی افراد کے ساتھ مبینہ دوستانہ تعلقات تھے، جن پر مقتول کو اعتراض تھا۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق مقتول کی بیوی، اس کی والدہ، ماموں عابد اور ایک دوسرے ساتھی جاوید اقبال نے باہمی منصوبہ بندی کے تحت سلمان کو قتل کیا۔

پولیس نے کارروائی کے دوران قتل میں ملوث دو خواتین اور ایک مرد کو گرفتار کرلیا ہے، جبکہ دونوں خواتین کو مزید تفتیش کے لیے وومن پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور واردات میں ملوث دیگر ممکنہ سہولت کاروں کے کردار کا بھی تعین کیا جا رہا ہے۔