اسلام آباد میں پہلی بار روبوٹک ٹیلی سرجری کے ذریعے کامیاب آپریشن
یہ تاریخی آپریشن شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی (ایس زیڈ اے بی ایم یو) کے رجسٹرار اور معروف روبوٹک سرجن پروفیسر ڈاکٹر سید تنصیر اصغر نے انجام دیا
فوٹو جاری کردہ
اسلام آباد میں پہلی بار روبوٹک ٹیلی سرجری کے ذریعے پتے کی کامیاب سرجری کرلی گئی۔ یہ تاریخی آپریشن شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی (ایس زیڈ اے بی ایم یو) کے رجسٹرار اور معروف روبوٹک سرجن پروفیسر ڈاکٹر سید تنصیر اصغر نے انجام دیا، جنہوں نے گندھارا ہیریٹیج اینڈ کلچر سینٹر میں منعقدہ انٹرنیشنل کانفرنس آن فیوچر آف ہیلتھ کیئر 2026 کے دوران روبوٹک کنسول کے ذریعے دور بیٹھ کر آپریشن کیا، جبکہ مریض کا آپریشن تھیٹر کلثوم انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد میں تھا
اس جدید طریقہ علاج میں سرجن نے کانفرنس کے مقام سے روبوٹک آلات کو کنٹرول کرتے ہوئے کامیابی سے پتے کی سرجری مکمل کی۔ اس کامیابی کو پاکستان میں جدید طبی ٹیکنالوجی اور روبوٹک سرجری کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر تنویر خالق کی قیادت میں یہ منصوبہ مکمل کیا گیا۔ ان کی کاوشوں سے ایس زیڈ اے بی ایم یو میں پہلے روبوٹک سرجری اور مصنوعی ذہانت کے مرکز کے قیام کی منظوری بھی حاصل کرلی گئی ہے، جس سے طبی تعلیم، تحقیق اور جدید سرجری کے شعبوں کو فروغ ملے گا۔
اس کامیابی سے مستقبل میں دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے مریضوں کو بھی جدید جراحی سہولیات اور ماہر سرجنز کی خدمات فراہم کرنے کے امکانات روشن ہوئے ہیں۔ ایس زیڈ اے بی ایم یو، کلثوم انٹرنیشنل ہسپتال اور کانفرنس کے اشتراک سے ہونے والا یہ مظاہرہ پاکستان میں ڈیجیٹل طبی سہولیات اور جدید روبوٹک سرجری کے نئے دور کی جانب اہم قدم ہے۔