برازیل میں فٹبال کا میدان اکھاڑہ بن گیا،51 ریڈ کارڈ جاری
یہ واقعہ برازیل کی ریاست میناس گیریس میں اوبرلینڈیا اور مامورے کی ٹیموں کے درمیان سیمی فائنل کے پہلے مرحلے کے دوران پیش آیا
برازیل میں فٹبال کا میدان اکھاڑہ بن گیا،51 ریڈ کارڈ جاری
برازیل: انڈر 20 فٹبال چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں کھلاڑیوں کے درمیان شدید تصادم کے بعد ریفری نے مجموعی طور پر 51 ریڈ کارڈ دکھا دیے، جسے فٹبال کی تاریخ کا نیا ریکارڈ قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ واقعہ برازیل کی ریاست میناس گیریس میں اوبرلینڈیا اور مامورے کی ٹیموں کے درمیان سیمی فائنل کے پہلے مرحلے کے دوران پیش آیا۔ ہنگامہ آرائی کے نتیجے میں دونوں ٹیموں کے 43 کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کے 8 ارکان کو میدان سے باہر بھیج دیا گیا۔
میچ ریفری کی رپورٹ کے مطابق دوسرے ہاف میں مامورے کے کھلاڑی ڈیوڈ نے گول کرنے کے بعد مخالف ٹیم کے بینچ کی جانب اشارے کیے، جس پر اوبرلینڈیا کے گول کیپنگ کوچ پاؤلو سرجیو ڈیاس ڈوس سانتوس میدان میں آگئے۔
اس واقعے کے بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان ہاتھا پائی شروع ہوگئی اور دیکھتے ہی دیکھتے میدان اکھاڑہ بن گیا۔ اس سے قبل بھی میچ کے دوران 3 کھلاڑیوں کو ریڈ کارڈ دکھائے جا چکے تھے۔
ہنگامہ آرائی صرف میدان تک محدود نہ رہی بلکہ اسٹیڈیم میں توڑ پھوڑ بھی کی گئی، جس کے باعث پولیس کو طلب کرنا پڑا۔ صورتحال کے باعث میچ تقریباً 40 منٹ تک معطل رہا، تاہم حالات قابو میں نہ آنے پر ریفری نے مقابلہ ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔