ابوظہبی ٹی 10 لیگ میں پاکستانی کرکٹرز کی شرکت غیر یقینی

پی سی بی کی جانب سے این او سی کے لیے اضافی فیس کی شرط عائد

November 5, 2026 · اسپورٹس

ابوظہبی ٹی 10 لیگ میں پاکستانی کرکٹرز کی شرکت غیر یقینی

ابوظہبی ٹی 10 لیگ میں پاکستانی کرکٹرز کی شرکت خطرے میں پڑ گئی، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے این او سی کے حصول کے لیے فی کھلاڑی 10 ہزار امریکی ڈالر طلب کیے جانے کے بعد صورتحال غیر یقینی ہوگئی۔

کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق لیگ انتظامیہ نے 30 ستمبر کو پلیئرز ڈرافٹ کے فوری بعد پاکستانی کھلاڑیوں کے این او سی کے لیے درخواست دے دی تھی، تاہم پی سی بی نے ٹورنامنٹ شروع ہونے سے چند روز قبل یہ شرط عائد کردی، جس سے فرنچائزز مشکلات کا شکار ہوگئیں۔

ڈرافٹ میں پاکستان کے 16 کھلاڑیوں کو چھ میں سے پانچ ٹیموں نے منتخب کیا تھا۔ اب فرنچائزز اضافی فیس ادا کرنے یا متبادل کھلاڑیوں کی تلاش پر غور کررہی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق بعض پاکستانی کرکٹرز اپنی تنخواہوں سے بھی یہ رقم ادا کرنے کے لیے تیار تھے۔

منتخب پاکستانی کھلاڑیوں میں نسیم شاہ، شاداب خان، محمد عامر، اعظم خان، فخر زمان، افتخار احمد، محمد وسیم جونیئر اور دیگر شامل ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پی سی بی نے نیپال پریمیئر لیگ میں شرکت کے لیے بھی فی پاکستانی کھلاڑی 25 ہزار امریکی ڈالر کی شرط رکھی تھی، جس کے باعث متعدد پاکستانی کرکٹرز ایونٹ میں شرکت نہیں کرسکے تھے۔