کراچی میں پولیس کے مختلف مقابلے،10 زخمیوں سمیت 11 ملزمان گرفتار
کارروائیوں کے دوران اسلحہ، موٹرسائیکلیں، موبائل فونز اور نقدی بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
کراچی میں پولیس کے مختلف مقابلے،10 زخمیوں سمیت 11 ملزمان گرفتار
کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس اور مبینہ ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلوں میں 10 ملزمان زخمی ہوگئے، جبکہ پولیس نے مجموعی طور پر 11 افراد کو گرفتار کرلیا۔ کارروائیوں کے دوران اسلحہ، موٹرسائیکلیں، موبائل فونز اور نقدی بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق فیروزآباد پولیس اور شاہین فورس کا شہید ملت روڈ پر مبینہ مقابلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت نعیم کے نام سے ہوئی ہے، جسے طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ایف بی ایریا بلاک 5 میں ندی کے قریب گلبرگ پولیس کے ساتھ مبینہ مقابلے میں دو ملزمان حنیف اور فہد زخمی حالت میں گرفتار ہوئے۔ پولیس نے ان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز اور موٹرسائیکل برآمد کرنے کا بتایا ہے۔
اسی طرح درخشاں پولیس نے ڈیفنس کے علاقے چھوٹا بخاری میں کارروائی کرتے ہوئے دو مبینہ ڈاکوؤں شرجیل اور سعود کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں صبا سینما کے قریب ہونے والے مبینہ مقابلے کے بعد 18 سالہ عادل کو بھی زخمی حالت میں حراست میں لے لیا گیا۔
گلبہار پولیس نے ایک اور مبینہ مقابلے کے دوران عبید عرف مچھیل اور امین نامی دو ملزمان کو گرفتار کیا، جن میں سے ایک زخمی تھا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے دو پستول، موبائل فونز، نقدی اور موٹرسائیکل برآمد ہوئی۔
دوسری جانب کورنگی انڈسٹریل ایریا پولیس نے مہران ٹاؤن میں مبینہ مقابلے کے بعد علی گل نامی ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔
پولیس اور امدادی اداروں کے مطابق زخمی ملزمان کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ تمام گرفتار افراد کے خلاف مزید قانونی کارروائی اور تفتیش جاری ہے۔