خصوصی افراد کے لیے مفت علاج،ہنگامی طبی سہولیات اورفنی تربیت کا اعلان
کینٹونمنٹ بورڈ ایبٹ آباد میں وہیل چیئرز کی تقسیم
کینٹونمنٹ بورڈ ایبٹ آباد کے دفتر میں خصوصی افراد کے لیے وہیل چیئرز کی تقسیم کی تقریب منعقد ہوئی، جس کی میزبانی کینٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر عمران خان نے کی۔ ڈس ایبلڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن پاکستان کے تعاون سے منعقدہ تقریب میں کینٹ کے رہائشی خصوصی افراد، بورڈ کے ملازمین کے خصوصی بچوں اور اہل خانہ کو وہیل چیئرز فراہم کی گئیں۔
تقریب میں کینٹونمنٹ بورڈ ایبٹ آباد کے نائب صدر میاں عامر سہیل نے بھی شرکت کی۔ دیگر شرکا میں ڈس ایبلڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن پاکستان کے چیئرمین جاوید رئیس، پروگرام منیجر بابر، سابق ضلعی افسر صحت ڈاکٹر مشتاق تنولی، ایسوسی ایشن کے سفیر محمد طارق خان اور ایبٹ آباد کی کاروباری برادری سے تعلق رکھنے والے عطیہ دہندہ سید عباس شامل تھے۔ محمد طارق خان نے ایسوسی ایشن اور کینٹونمنٹ بورڈ کے درمیان رابطہ کاری اور تقریب کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا۔
کینٹونمنٹ بورڈ ایبٹ آباد کے اسسٹنٹ سیکرٹری جاوید خان، منیجر انفارمیشن ٹیکنالوجی توقیر حسین اور دیگر اعلی افسران و عملے نے تقریب کے انتظامات اور انعقاد میں بھرپور معاونت کی۔
ایسوسی ایشن کے چیئرمین جاوید رئیس نے تقریب کی میزبانی اور انتظامی تعاون پر کینٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر اور بورڈ کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے خصوصی افراد کی معاونت کے لیے باہمی تعاون کو اہم قرار دیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کینٹ ایگزیکٹو آفیسر عمران خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے لیے اپنا حصہ ڈالنا ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔ انہوں نے وہیل چیئرز کی فراہمی اور تقریب کے انعقاد میں تعاون پر ایسوسی ایشن کے چیئرمین، عہدیداروں اور معاونین کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے اعلان کیا کہ کینٹ کی حدود میں رہائش پذیر خصوصی افراد کو کینٹ کے ہسپتال میں مفت علاج اور ہنگامی طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ہنر سیکھنے کے خواہش مند خصوصی افراد کو کینٹونمنٹ بورڈ کے فنی تربیتی مرکز میں مفت تربیتی کورسز بھی کروائے جائیں گے، تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے معاشی خودکفالت کی جانب بڑھ سکیں۔
تقریب کے اختتام پر کینٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر نے تمام شرکا، منتظمین اور معاونین کا شکریہ ادا کیا اور ڈس ایبلڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن پاکستان کے ساتھ آئندہ بھی خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ سرگرمیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔