عثمان خواجہ کا بال ٹیمپرنگ انکشافات پر دفاع،بولے مجھے پیسوں کی ضرورت نہیں
لوگوں نے ان کے بیان کو غلط رنگ دینے کی کوشش کی اور اصل حقائق جاننے کے بجائے ان پر تنقید شروع کر دی۔
عثمان خواجہ کا بال ٹیمپرنگ انکشافات پر دفاع،بولے مجھے پیسوں کی ضرورت نہیں
عثمان خواجہ کا کہنا ہے کہ لوگوں نے ان کے بیان کو غلط رنگ دینے کی کوشش کی اور اصل حقائق جاننے کے بجائے ان پر تنقید شروع کر دی۔ ان کے بقول یہ الزام بالکل بے بنیاد ہے کہ انہوں نے کتاب کی تشہیر اور فروخت بڑھانے کے لیے سینڈ پیپر تنازع کا ذکر کیا۔
سابق کرکٹر نے واضح کیا کہ کتاب کی تیاری کے دوران سینڈ پیپر یا کسی دوسرے متنازع موضوع کو شامل کرنے کے حوالے سے کسی سے پیشگی بات نہیں ہوئی تھی۔ کتاب کے مواد پر مکمل اختیار ان کے پاس تھا اور انہوں نے اس کا مسودہ بھی خفیہ رکھا، جس کے بارے میں ان کے منیجر اور پبلشنگ کمپنی کو بھی پہلے سے علم نہیں تھا۔
عثمان خواجہ کا کہنا تھا کہ طویل عرصے تک بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کے باعث وہ مالی طور پر خوش قسمت ہیں اور انہیں پیسوں کی ضرورت نہیں۔ ان کے مطابق کتابوں کی فروخت اور رائلٹی سے اتنی آمدنی بھی نہیں ہوتی جتنی عام طور پر تصور کی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کتاب میں کیے گئے انکشافات کا مقصد تجارتی فائدہ حاصل کرنا نہیں بلکہ حقائق سامنے لانا ہے۔
واضح رہے کہ عثمان خواجہ نے اپنی سوانح عمری میں دعویٰ کیا تھا کہ آسٹریلوی ٹیم کے متعدد کھلاڑی 2018 میں سامنے آنے والے سینڈ پیپر بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سے آگاہ تھے۔ اس معاملے میں سزا پانے والے سابق آسٹریلوی کرکٹر ڈیوڈ وارنر نے بھی عثمان خواجہ کے انکشافات کی حمایت کی تھی۔