ربیعہ احسن قتل کیس،ملزم کا پولی گرافک ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ
پولیس نے 15 سالہ گھریلو ملازم کو ابتدائی تفتیش کے بعد گھر واپس بھیج دیا ہے، جسے تقریباً دو ہفتے قبل ملازمت پر رکھا گیا تھا۔
ربیعہ احسن قتل کیس،ملزم کا پولی گرافک ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ
پولیس کے مطابق ملزم احسن طاہر کا ٹیسٹ کل لاہور میں کرایا جائے گا، جس کے ذریعے واقعے سے متعلق حقائق جاننے کی کوشش کی جائے گی۔ ٹیسٹ کی رپورٹ ہفتے کے روز موصول ہونے کا امکان ہے، جبکہ پولیس ملزم کو عدالت میں پیش کرکے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا بھی کرے گی۔
پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی تفتیش میں بتایا گیا ہے کہ اتوار کے روز میاں بیوی الماری سے بچوں اور بڑوں کے گرم کپڑے نکال رہے تھے کہ اسی دوران الماری سے پستول نکلا۔ پستول ہاتھ میں اٹھانے کے بعد اچانک گولی چل گئی، جو ربیعہ احسن کی گردن کے نیچے لگی اور جسم کے پچھلے حصے سے باہر نکل گئی۔
ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں مقتولہ کے جسم پر تشدد کے نشانات نہیں ملے۔ جسم کے مختلف حصوں سے حاصل کیے گئے نمونے تجزیے کیلئے لاہور کی لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں، جبکہ ملزم سے برآمد ہونے والا پستول اور گولی کا خول بھی فرانزک جانچ کیلئے بھیج دیا گیا ہے۔
دوسری جانب پولیس نے 15 سالہ گھریلو ملازم کو ابتدائی تفتیش کے بعد گھر واپس بھیج دیا ہے، جسے تقریباً دو ہفتے قبل ملازمت پر رکھا گیا تھا۔
پولیس تفتیشی ٹیم آج دوبارہ جائے وقوعہ کا دورہ کرے گی۔ حکام کے مطابق اب تک غیرت کے نام پر قتل کا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا۔