مختلف مسالک، مسیحی برادری اور سول سوسائٹی کا 27 نومبر کو یوم تحفظ قرآن منانے کا اعلان

لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس، حکومت سے مؤثر قانون سازی اور سوشل میڈیا پر توہین آمیز مواد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ

November 10, 2026 · قومی

مختلف مسالک، مسیحی برادری اور سول سوسائٹی کا 27 نومبر کو یوم تحفظ قرآن منانے کا اعلان

لاہور: مختلف مسالک، مسیحی برادری، مذہبی گروپوں اور سول سوسائٹی نے 27 نومبر بروز جمعہ کو یوم تحفظِ حرمت و عصمتِ قرآن منانے کا اعلان کیا ہے۔

اس بات کا اعلان اتحادِ ملتِ اسلامی کے رہنما میاں جلیل شرقپوری، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ اور دیگر رہنماؤں نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ رہنماؤں نے حکومت پر زور دیا کہ تحفظِ قرآن کے لیے مؤثر قانون سازی کی جائے اور سوشل میڈیا پر ہونے والی بدتہذیبی اور گستاخی کا سلسلہ بند کرایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر لاکھوں افراد توہینِ قرآن کے مرتکب پائے گئے ہیں، جن کے خلاف سخت کارروائی کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف قرآنِ کریم ہی نہیں بلکہ انجیلِ مقدس سمیت کسی بھی مذہب اور عقیدے کی توہین قابلِ قبول نہیں۔

رہنماؤں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر گستاخی کے ارتکاب میں قرآنِ کریم کے حافظ بھی ملوث پائے گئے ہیں۔