سندھ میں 10 لاکھ گھروں کی تعمیر مکمل،بلاول کی طرف سے شہباز شریف کا شکریہ

دنیا کے سب سے بڑے ہاؤسنگ منصوبے کا سنگِ میل عبور،مزید 10 لاکھ گھر بنانے کا ہدف مقرر

November 10, 2026 · قومی

سندھ حکومت نے سیلاب متاثرین کے لیے 10 لاکھ گھر بنا کر تاریخ رقم کردی، بلاول بھٹو

 کراچی میں سیلاب متاثرین کو 10 لاکھ گھر فراہم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہباز شریف سے پہلے بھی ایک وزیراعظم تھا جس نے سیلاب کے دوران ہمیں ایک روپیہ تک نہیں دیا۔ انہوں نے شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مشکل وقت میں ہمارا ساتھ دیا۔

کراچی میں سیلاب متاثرین کے لیے گھروں کی تعمیر کے منصوبے ’’سندھ پیپلز ہاؤسنگ فار فلڈ افیکٹیز‘‘ کے تحت 10 لاکھ گھروں کی تکمیل کا سنگِ میل عبور ہونے پر تقریب منعقد ہوئی، جس میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس ہاؤسنگ منصوبے سے لاکھوں افراد کو روزگار کے مواقع ملے ہیں، جبکہ گھروں کے مالکانہ حقوق خواتین کو دیے گئے ہیں۔ پوری دنیا اس وقت معاشی بحران سے گزر رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 10 لاکھ گھروں کی تعمیر وفاقی حکومت اور عالمی مالیاتی اداروں کے تعاون سے ممکن ہوئی۔ یہ منصوبہ صرف چھت یا گھر فراہم کرنے تک محدود نہیں بلکہ اس کے ذریعے متاثرہ خاندانوں کو ان کی اپنی زمینوں کا باقاعدہ مالک بھی بنایا گیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ پاکستان کی تاریخ میں 1970 کے بعد زمینوں کی منتقلی کا سب سے بڑا اور انقلابی منصوبہ ہے، جس سے غریب اور بے گھر افراد کو مستقل بنیادوں پر سماجی و اقتصادی تحفظ حاصل ہوا ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ سیلاب متاثرین کے لیے 10 لاکھ گھروں کی تعمیر مکمل کرنے کے بعد حکومت نے مجموعی طور پر 20 لاکھ گھر بنانے کا ہدف مقرر کیا ہے، تاکہ ہر متاثرہ خاندان کی دوبارہ آبادکاری یقینی بنائی جاسکے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ملک کو شدید معاشی مشکلات اور مالی بحران کا سامنا ہے، ایسے حالات میں بین الاقوامی معیار کے اتنے بڑے منصوبوں کی کامیاب تکمیل انتہائی خوش آئند اور قابلِ فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ مشکلات اور مصائب کا شکار خاندانوں کو گھر فراہم کرنا سندھ حکومت کا تاریخی اقدام اور عوام سے کیے گئے وعدوں کی پاسداری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ ملک میں تاریخی مہنگائی کے اس سخت دور میں سندھ کے عوام کو حقیقی تحفظ اور سہارا فراہم کیا جا رہا ہے۔ کسی بھی صوبے کے عوام اپنے مسائل کے حل اور ریلیف کے لیے اپنی حکومتوں کی طرف دیکھتے ہیں اور سندھ حکومت اپنے شہریوں کی توقعات پر پورا اتر رہی ہے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ افراد کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا گیا ہے، عوام کو ریلیف دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور آج سیلاب متاثرین سے کیے گئے وعدے کی تکمیل کا دن ہے۔