سندھ میں ڈینگی کے وار تیز، دو ماہ میں 2 ہزار سے زائد کیسز

سندھ میں ڈینگی کے 777 جبکہ ستمبر میں 335 کیسز سامنے آئے۔ کراچی میں اکتوبر کے دوران 495 اور ستمبر میں 448 افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی

November 11, 2026 · قومی
سندھ میں ڈینگی کے وار تیز، دو ماہ میں 2 ہزار سے زائد کیسز

سندھ میں ڈینگی کے وار تیز، دو ماہ میں 2 ہزار سے زائد کیسز

کراچی سمیت سندھ بھر میں ڈینگی کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ گزشتہ دو ماہ کے دوران صوبے میں ڈینگی کے 2 ہزار 55 مریض سامنے آئے، جبکہ رواں سال اب تک کراچی میں 2 ہزار 369 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

اعدادوشمار کے مطابق اکتوبر کے دوران سندھ میں ڈینگی کے 777 جبکہ ستمبر میں 335 کیسز سامنے آئے۔ کراچی میں اکتوبر کے دوران 495 اور ستمبر میں 448 افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی۔ ضلع شرقی 709 کیسز کے ساتھ سب سے زیادہ متاثرہ ضلع رہا۔

رواں سال کراچی میں ڈینگی کے باعث ایک شخص کی ہلاکت بھی رپورٹ ہوئی ہے۔ سندھ کے دیگر اضلاع میں مجموعی طور پر 2 ہزار 100 کیسز سامنے آئے، جن میں حیدرآباد ڈویژن کے 992، میرپورخاص کے ایک ہزار 8، لاڑکانہ ڈویژن کے 33، سکھر کے 50 اور شہید بے نظیر آباد کے 17 کیسز شامل ہیں۔

ماہر صحت ڈاکٹر عمر سلطان کے مطابق ڈینگی مخصوص مادہ مچھر کے کاٹنے سے پھیلتا ہے، جو عموماً صبح سویرے اور مغرب کے وقت زیادہ سرگرم ہوتا ہے۔ یہ مچھر صاف پانی میں افزائش پاتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ڈینگی کی نمایاں علامات میں اچانک تیز بخار، سر اور جسم میں شدید درد اور جلد پر سرخ دھبے شامل ہیں۔ بعض مریضوں میں ناک، کان یا منہ سے خون بھی آسکتا ہے۔ اس مرض میں خون جمنے میں مدد دینے والے پلیٹ لیٹس کی تعداد کم ہونے سے پیچیدگیوں اور جان کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔

ماہرین صحت نے شہریوں کو مچھر سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، صاف پانی جمع نہ ہونے دینے، مچھر بھگانے والی اشیا استعمال کرنے اور مناسب مقدار میں پانی پینے کا مشورہ دیا ہے۔ تیز بخار یا ڈینگی کی علامات ظاہر ہونے پر فوری طور پر قریبی طبی مرکز سے رجوع کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔