مولانا فضل الرحمان کے قریبی ساتھی امان اللہ کو ایف آئی اے کا تیسرا نوٹس جاری

امان اللہ کے خلاف حوالہ ہنڈی اور 16 بینک اکاؤنٹس کے ذریعے مشکوک مالی لین دین سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔

November 11, 2026 · قومی
مولانا فضل الرحمان کے قریبی ساتھی امان اللہ کو ایف آئی اے کا تیسرا نوٹس جاری

مولانا فضل الرحمان کے قریبی ساتھی امان اللہ کو ایف آئی اے کا تیسرا نوٹس جاری

اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے قریبی ساتھی امان اللہ کو تیسرا نوٹس جاری کرتے ہوئے انکوائری میں پیش ہونے کی ہدایت کردی ہے۔

ایف آئی اے کے کمرشل بینکنگ سرکل اسلام آباد نے امان اللہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ انکوائری میں ذاتی حیثیت میں پیش ہوکر سوالات کے جوابات دیں اور متعلقہ دستاویزی و برقی شواہد بھی فراہم کریں۔

ایف آئی اے کے مطابق امان اللہ کے خلاف حوالہ ہنڈی اور 16 بینک اکاؤنٹس کے ذریعے مشکوک مالی لین دین سے متعلق تحقیقات جاری ہیں۔

ادارے کا کہنا ہے کہ امان اللہ کو 10 نومبر کو دوپہر 12 بجے پیش ہونے کا نوٹس دیا گیا تھا، تاہم وہ اس سے قبل جاری کیے گئے دو نوٹسز کے باوجود انکوائری میں پیش نہیں ہوئے۔

ایف آئی اے نے خبردار کیا ہے کہ تیسرے نوٹس پر معقول وجہ کے بغیر عمل نہ کرنے کی صورت میں دستیاب شواہد اور متعلقہ قوانین کے تحت مزید قانونی کارروائی کی جاسکتی ہے۔