کسانوں کو گندم کی مقررہ امدادی قیمت ہر صورت فراہم کی جائے گی،رانا تنویر حسین

کھادوں کا غیر متوازن استعمال نہ صرف زرعی پیداوار کو متاثر کرتا ہے بلکہ زمین کی زرخیزی بھی کم کر سکتا ہے۔

November 11, 2026 · قومی
کسانوں کو گندم کی مقررہ امدادی قیمت ہر صورت فراہم کی جائے گی،رانا تنویر حسین

کسانوں کو گندم کی مقررہ امدادی قیمت ہر صورت فراہم کی جائے گی،رانا تنویر حسین

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ حکومت نے گندم کی امدادی قیمت 4 ہزار 500 روپے فی من مقرر کی ہے اور کسانوں کو اس قیمت کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔

رانا تنویر حسین نے کسانوں پر زور دیا کہ وہ فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کے لیے کھادوں کا متوازن استعمال کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ کھادوں کا غیر متوازن استعمال نہ صرف زرعی پیداوار کو متاثر کرتا ہے بلکہ زمین کی زرخیزی بھی کم کر سکتا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مٹی کے تجزیے کی بنیاد پر کھادوں کا استعمال پیداوار بڑھانے کا مؤثر ذریعہ ہے۔ گندم کی بہتر فصل کے لیے معیاری بیج، متوازن کھاد اور جدید زرعی طریقوں کو اپنانا ضروری ہے۔

انہوں نے کسانوں کو مشورہ دیا کہ وہ زرعی ماہرین کی سفارشات کے مطابق کھادوں کا بروقت استعمال یقینی بنائیں۔

رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کسانوں کی آمدن بہتر بنانے اور ملک میں غذائی تحفظ یقینی بنانے کے لیے ناگزیر ہے۔ حکومت زرعی شعبے کے استحکام اور کسانوں کے معاشی تحفظ کے لیے اقدامات کر رہی ہے، تاہم گندم کی پیداوار بڑھانے کے لیے حکومت اور کسانوں کی مشترکہ کوششیں ضروری ہیں۔