ڈمپر اور رکشہ میں خوفناک تصادم، تین سالہ بچی سمیت دو افراد جاں بحق، پانچ زخمی

ریسکیو 1122 کی ٹیمیں اطلاع ملتے ہی جائے حادثہ پر پہنچ گئیں، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔

November 11, 2026 · قومی

ڈمپر اور رکشہ میں خوفناک تصادم، تین سالہ بچی سمیت دو افراد جاں بحق، پانچ زخمی

اٹک کی تحصیل فتح جنگ میں ڈھوک ماڑی کے قریب کوہاٹ روڈ پر ڈمپر اور رکشہ کے درمیان تصادم کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ پانچ زخمی ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق حادثے میں مجموعی طور پر سات افراد زخمی ہوئے۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ایمبولینس فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئی۔ ریسکیو اہلکاروں کی آمد سے قبل پانچ زخمیوں کو پرائیویٹ گاڑیوں کے ذریعے ٹی ایچ کیو ہسپتال فتح جنگ منتقل کیا جا چکا تھا، جبکہ ریسکیو 1122 کی ایمبولینس کے ذریعے دو زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ہسپتال منتقلی کے دوران تین سالہ بچی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی، جبکہ پرائیویٹ گاڑی کے ذریعے ہسپتال منتقل کیے جانے والے زخمیوں میں سے ایک شخص پہلے ہی جاں بحق ہو چکا تھا۔

حادثے میں مجموعی طور پر دو افراد جاں بحق جبکہ پانچ زخمی ہوئے۔