سالک حسین کی گفتگو سے لگتا ہے وہ اپنے حواس کھو بیٹھے ہیں ، عظمیٰ بخاری

نوٹس کا جواب نہیں دے سکتے تو وزارتوں سے استعفے دے کر گھر جائیں ،وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب

November 11, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

لاہور: وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے سالک حسین کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سالک حسین کی گفتگو سے لگتا ہے کہ وہ اپنے حواس کھو بیٹھے ہیں۔چوہدریوں کے خاندان کو پہلے امتحان میں مونس الٰہی نے ڈالا اور اب دوسرے امتحان میں سالک حسین نے ڈال دیا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ چوہدریوں کے خاندان کی وضع دار اور رکھ رکھاؤ والی سیاست کو ان دو نالائق بچوں نے شدید نقصان پہنچایا ہے۔ جس شریف خاندان نے انہیں چوہدری بنایا، اسی کو دھوکہ دینے کی ان کی ایک تاریخ بن چکی ہے۔ سالک حسین کی گفتگو اب کسی سنجیدہ سیاسی رہنما کے بجائے تھڑے بازوں جیسی ہوتی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ خواتین کی تضحیک کرتے ہیں، وہ کم از کم وضع دار سیاست کا دعویٰ نہیں کر سکتے۔ سالک حسین ایک ہفتے سے وزیراعلیٰ مریم نواز کے نوٹس کا جواب نہیں دے سکے۔ اگر وہ نوٹس کا جواب نہیں دے سکتے تو وزارتوں سے استعفے دے کر گھر جائیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ ایک طرف کرپشن کا راگ الاپا جاتا ہے اور دوسری طرف حکومت سے فنڈز بھی مانگے جاتے ہیں۔ یہ دوغلی سیاست آخر کیسے کی جا سکتی ہے؟ مریم نواز نے گجرات میں جو ترقیاتی کام کر دیے ہیں، وہ ان کی تین نسلیں بھی نہیں کر سکیں۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ مریم نواز نے گجرات کو اس کا وہ حق دیا ہے جو گزشتہ 50 سال میں ظہور الٰہی، چوہدری شجاعت حسین اور پرویز الٰہی نہیں دے سکے۔ ٹی وی پر بھاشن دینے کے بجائے استعفے دیں اور اپوزیشن میں بیٹھیں، تب انہیں آٹے دال کا بھاؤ معلوم ہو جائے گا۔