کوئٹہ: زیارت کراس کے قریب کسٹمز کی بڑی کارروائی، ایک ارب 20 کروڑ کی ہیروئن برآمد
تلاشی کے دوران گاڑی میں بنائے گئے خفیہ خانوں سے ہیروئن کے 77 پیکٹس برآمد ہوئے،، 2 ملزمان گرفتار، کسٹم حکام
برآمد کی گئی منشیات
کوئٹہ : کسٹمز انفورسمنٹ نے خفیہ اطلاع پر زیارت کراس کے قریب بڑی کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی 43 کلوگرام اعلیٰ کوالٹی ہیروئن برآمد کر کے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
کسٹمز حکام کے مطابق ملزمان کے قبضے سے ایک ٹویوٹا ہائی لکس ریوو گاڑی کو تلاشی کے لیے روکا گیا تھا۔ تلاشی کے دوران گاڑی میں بنائے گئے خفیہ خانوں سے ہیروئن کے 77 پیکٹس برآمد ہوئے، جن کا مجموعی وزن 42.891 کلوگرام (تقریباً 43 کلوگرام) ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں برآمد کی گئی منشیات کی مالیت کا تخمینہ تقریباً ایک ارب 20 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔
کسٹمز انفورسمنٹ نے منشیات کی سمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑی کو تحویل میں لے کر دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ واقعے کا مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔