اسپین میں مہنگائی اور مہنگے کرایوں کے خلاف ملک گیر ہڑتال، جھڑپیں
کچرے کے ڈبوں کو آگ لگائی گئی اور متعدد دکانوں کے شیشے توڑ دیے گئے۔
اسپین میں مہنگائی اور مہنگے کرایوں کے خلاف ملک گیر ہڑتال، جھڑپیں
دارالحکومت میڈرڈ میں تقریباً ایک لاکھ 20 ہزار افراد نے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی، جبکہ بارسلونا میں بھی 50 ہزار سے زائد شہری سڑکوں پر نکل آئے۔ بارسلونا کے مرکزی علاقوں میں نقاب پوش مظاہرین اور پولیس کے درمیان تصادم ہوا، اس دوران کچرے کے ڈبوں کو آگ لگائی گئی اور متعدد دکانوں کے شیشے توڑ دیے گئے۔
مقامی میڈیا کے مطابق بعض مظاہرین نے پولیس پر آتش بازی کا سامان پھینکا اور ایک بڑی ٹیکنالوجی کمپنی کے اسٹور میں داخل ہونے کی کوشش بھی کی۔ اس کے علاوہ جائیداد کے کاروبار سے وابستہ بعض دفاتر کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
ملک گیر ہڑتال کے باعث ٹرانسپورٹ، عوامی خدمات اور صنعتی سرگرمیاں متاثر ہوئیں جبکہ متعدد اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی معطل رہی۔ وزارت داخلہ کے مطابق مختلف واقعات میں ملوث درجنوں افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
اسپین میں احتجاج کی بنیادی وجہ گھروں کی بڑھتی ہوئی قیمتیں، مہنگے کرائے اور عام شہریوں کے لیے رہائش کا حصول مشکل ہونا ہے۔ رہائشی بحران کو اس وقت مزید توجہ ملی جب 87 سالہ ماری کارمین اباسکال کو میڈرڈ کے اس فلیٹ سے بے دخل کردیا گیا جہاں وہ تقریباً 70 سال سے مقیم تھیں۔ چند ہفتے بعد ان کا اسپتال میں انتقال ہوگیا۔
اعداد و شمار کے مطابق میڈرڈ میں 50 مربع میٹر کے فلیٹ کا اوسط ماہانہ کرایہ تقریباً 1170 یورو تک پہنچ چکا ہے، جبکہ اسپین میں اوسط ماہانہ تنخواہ 2460 یورو کے لگ بھگ ہے۔ اس صورتحال میں ایک عام شہری کی آمدنی کا تقریباً نصف حصہ صرف مکان کے کرائے پر خرچ ہوجاتا ہے۔
یہ احتجاج ایسے وقت میں ہوا ہے جب اسپین میں 29 نومبر کو پارلیمانی انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے رہائشی اصلاحات کے منصوبے کی پارلیمان سے منظوری نہ ملنے کے بعد قبل از وقت انتخابات کا اعلان کیا تھا۔
حکمران سوشلسٹ حکومت نے ہڑتال کی مخالفت کرنے کے بجائے کارکنوں کے حق احتجاج کی حمایت کی ہے۔ وزیراعظم سانچیز نے اسے مزدوروں کی تاریخی جدوجہد کا تسلسل قرار دیا، جبکہ اپوزیشن جماعت پیپلز پارٹی نے حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ انتخابی فائدے کے لیے ہڑتال کو سیاسی مقاصد کے تحت استعمال کر رہی ہے۔
دوسری جانب کاروباری حلقوں نے ہڑتال کو سیاسی سرگرمی قرار دے کر تنقید کی ہے۔ اسپین کے قومی بجلی گرڈ کے ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق ہڑتال کے روز صبح بجلی کی طلب میں تقریباً 7.5 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جسے صنعتی سرگرمیوں میں کمی کا اشارہ قرار دیا جا رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق مہنگائی اور رہائشی بحران کے خلاف اس احتجاج کی شدت اور عوامی ردعمل آنے والے پارلیمانی انتخابات پر بھی اثرانداز ہوسکتے ہیں۔