کراچی: غیرملکی خاتون کے ملازم سے 3 کروڑ 75 لاکھ روپے کی ڈکیتی، پولیس نے واقعہ مشکوک قرار دے دیا

گزری میں بینک سے رقم لے کر نکلنے والے اکاؤنٹنٹ کو مسلح ملزمان نے لوٹ لیا، غیرملکی خاتون رات کو کراچی پہنچیں گی

November 12, 2026 · قومی

کراچی: غیرملکی خاتون کے ملازم سے 3 کروڑ 75 لاکھ روپے کی ڈکیتی، پولیس نے واقعہ مشکوک قرار دے دیا

کراچی: شہر کے علاقے گزری میں مسلح ملزمان نے بینک سے نقد رقم لے کر نکلنے والے غیرملکی خاتون کے ملازم سے مبینہ طور پر 3 کروڑ 75 لاکھ روپے لوٹ لیے اور فرار ہوگئے، جبکہ پولیس نے واقعے کو مشکوک قرار دیتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

پولیس کے مطابق متاثرہ ملازم نے بیان دیا ہے کہ اس سے 3 کروڑ 75 لاکھ روپے کی ڈکیتی ہوئی ہے۔

ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی نے بتایا کہ گزری میں بینک سے نکلنے والے ایک شہری سے ایک کروڑ روپے سے زائد رقم چھینی گئی۔ متاثرہ شہری ایک غیرملکی خاتون کا ملازم ہے، جو اس وقت اسلام آباد میں مقیم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ غیرملکی خاتون گوشت کی سپلائی کا کاروبار کرتی ہیں۔ ان کے اکاؤنٹنٹ حنیف میتھلو سے خیابانِ بحریہ، گزری کی حدود میں دو مسلح ملزمان نے اسلحے کے زور پر رقم سے بھرا بیگ چھینا اور فرار ہوگئے۔

ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق اکاؤنٹنٹ بینک سے رقم لے کر باہر نکلا تھا۔ غیرملکی خاتون اندرون سندھ میں غیرملکی منصوبوں کے لیے گوشت سپلائی کرتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ واقعہ مشکوک معلوم ہوتا ہے کیونکہ غیرملکی خاتون نے بینک سے کم رقم نکلوانے کا کہا تھا۔ پولیس کا غیرملکی خاتون سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے اور وہ رات کو کراچی پہنچیں گی۔

ایس ایس پی ساؤتھ کا کہنا تھا کہ غیرملکی خاتون کی کراچی آمد کے بعد ان کا بیان ریکارڈ کیا جائے گا، جبکہ متاثرہ اکاؤنٹنٹ کے بیان کی بھی تصدیق کی جا رہی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق واقعے کی تصدیق کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی چیک کی جا رہی ہے۔