ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی آئندہ 72 گھنٹوں میں پاکستان آمد متوقع
اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کریں گے
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی آئندہ 72 گھنٹوں میں پاکستان آمد متوقع
ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عباس عراقچی کی آئندہ 72 گھنٹوں کے دوران پاکستان آمد متوقع ہے، جہاں وہ اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کریں گے
سفارتی ذرائع کے مطابق اجلاس کے انعقاد کے لیے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور غیر ملکی مہمانوں کی آمد اتوار سے شروع ہو جائے گی۔ عباس عراقچی کے علاوہ وسط ایشیائی ممالک کے وزرائے خارجہ بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیر کی صبح نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اجلاس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کریں گے، جبکہ اقتصادی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر اسد مجید خان بھی اظہار خیال کریں گے۔ اجلاس میں شریک رکن ممالک کے وزرائے خارجہ بھی اپنے مؤقف پیش کریں گے۔
اجلاس کے موقع پر شریک وزرائے خارجہ کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات بھی متوقع ہے، جبکہ وزیراعظم معزز مہمانوں کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے۔
اجلاس کے ایجنڈے میں رکن ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعاون کو فروغ دینے، علاقائی روابط بہتر بنانے اور باہمی تعاون سے متعلق اہم امور زیرِ غور آئیں گے۔