سندھ حکومت کا سرکاری محکموں کی روایتی گاڑیوں کو الیکٹرک میں منتقل کرنے کا فیصلہ
کفایت شعاری کمیٹی کا اجلاس، ماحول دوست ٹیکنالوجی کو فروغ، ایندھن کے اخراجات میں کمی ہوگی۔
سندھ حکومت کا سرکاری محکموں کی روایتی گاڑیوں کو الیکٹرک میں منتقل کرنے کا فیصلہ
کراچی: حکومت سندھ نے صوبائی محکموں میں زیر استعمال روایتی گاڑیوں کو مرحلہ وار الیکٹرک گاڑیوں (ای وی) میں تبدیل کرنے کا اہم فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد سرکاری اخراجات میں کمی لانا اور ماحول کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
دستاویزات اور سرکاری اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے کفایت شعاری کے ہونے والے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کے علاوہ متعلقہ صوبائی سیکریٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے دوران سرکاری اخراجات میں کمی، ایندھن کی بچت اور مختلف محکموں کی گاڑیوں کی ضروریات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے فیصلوں کی رو سے محکمہ داخلہ، اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ اور یونیورسٹیز و بورڈز کے لیے نئی گاڑیوں کی خریداری کی منظوری دی گئی ہے، جبکہ یہ بھی طے پایا ہے کہ مستقبل میں سرکاری محکموں کے لیے گاڑیوں کی خریداری کے دوران روایتی گاڑیوں کے بجائے الیکٹرک گاڑیوں کو ترجیح دی جائے گی۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا کہ سرکاری وسائل کی بچت حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور ایسے اقدامات کیے جا رہے ہیں جن سے اخراجات گھٹانے کے ساتھ ماحول کو بھی محفوظ بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال سے ایندھن کے اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی اور قومی خزانے پر پڑنے والا مالی بوجھ کم ہوگا۔ مستقبل الیکٹرک گاڑیوں کا ہے لہٰذا حکومت چاہتی ہے کہ سرکاری ادارے بھی ماحول دوست ٹیکنالوجی اپنائیں اور روایتی ایندھن پر انحصار بتدریج ختم کریں۔
صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ روایتی گاڑیوں سے خارج ہونے والا دھواں شہری ماحول اور فضا کو شدید نقصان پہنچاتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بلدیاتی اداروں میں بھی روایتی گاڑیوں کے متبادل کے طور پر الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کو فروغ دیا جا رہا ہے تاکہ آلودگی پر قابو پایا جا سکے۔