دبئی نے بھارتی کمپنی کی تمام پروازیں منسوخ کر دیں
گراؤنڈ ہینڈلنگ ایجنٹ کے واجبات ادا نہ کرنے پر دبئی ایئرپورٹ نے چیک اِن سروسز روک دیں
دبئی نے بھارتی کمپنی کی تمام پروازیں منسوخ کر دیں
دبئی: گراؤنڈ ہینڈلنگ ایجنٹ کو واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بھارت جانے والی اسپائس جیٹ کی تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق جمعرات کو ایئرلائن کی چھ میں سے صرف دو پروازوں کو آپریٹ کرنے کی اجازت دی گئی، جبکہ جمعے کو اسپائس جیٹ کی کوئی بھی پرواز بھارت کے لیے روانہ نہیں ہوئی۔
ایک ذریعے نے بتایا کہ دبئی ایئرپورٹ نے رواں ہفتے کے آغاز میں اسپائس جیٹ کو آگاہ کر دیا تھا کہ اگر واجبات ادا نہ کیے گئے تو 12 نومبر سے مسافروں اور سامان کے لیے چیک اِن سروسز فراہم نہیں کی جائیں گی۔
ذریعے کے مطابق گراؤنڈ ہینڈلنگ کمپنی ڈی ناٹا (DNATA) کو اکتوبر کے وسط سے سروسز کے واجبات ادا نہیں کیے گئے تھے، جس کے باعث بقایا رقم تقریباً ایک کروڑ 40 لاکھ اماراتی درہم، یعنی 38 لاکھ امریکی ڈالر تک پہنچ گئی تھی۔
تاہم، واجبات کی اس رقم کی سرکاری طور پر نہ تو دبئی ایئرپورٹ اور نہ ہی اسپائس جیٹ کی جانب سے تصدیق کی جا سکی۔