نوجوان کے جبری اغوا اور قتل کیس میں پولیس اہلکار کی ضمانت مسترد

اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ، ملزم کی درخواست خارج کر دی گئی، لاش مردان سے ملی تھی

November 14, 2026 · جرم وسزا
نوجوان کے جبری اغوا اور قتل کیس میں پولیس اہلکار کی ضمانت مسترد

نوجوان کے جبری اغوا اور قتل کیس میں پولیس اہلکار کی ضمانت مسترد

اسلام آباد ہائیکورٹ نے 30 سالہ نوجوان فرخ افضل کے جبری اغوا اور قتل کے مقدمے میں گرفتار پولیس کانسٹیبل سیف اللہ کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری مسترد کر دی ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس شاہ رخ ارجمند نے اس حوالے سے محفوظ کیا گیا فیصلہ سنا دیا۔

تھانہ کوہسار میں درج کی گئی ایف آئی آر کے متن کے مطابق نوجوان فرخ افضل کو رواں برس مئی میں اسلام آباد سے اغوا کرنے کے بعد قتل کر دیا گیا تھا، اور بعد ازاں مقتول کی لاش خیبرپختونخوا کے ضلع مردان سے برآمد ہوئی تھی۔ اس سنگین مقدمے میں 19 سالہ لڑکی ماہ نور شاہد اور خیبرپختونخوا پولیس کے اہلکار سیف اللہ کو حراست میں لیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل عدالت کی جانب سے مقدمے میں نامزد ملزمہ ماہ نور شاہد کی ضمانت منظور کی جا چکی ہے، جبکہ عدالت نے پولیس اہلکار سیف اللہ کی درخواست کو مسترد کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔