ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی ازبک وزیر دفاع سے ملاقات
دونوں ممالک کا مشترکہ فوجی مشقوں، جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ تبادلوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی ازبک وزیر دفاع سے ملاقات
راولپنڈی: ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے ازبکستان کے وزیر دفاع، نائب وزیر دفاع اور کمانڈر ایئر ڈیفنس اینڈ ایئر فورس سے ملاقاتیں کیں، جن میں علاقائی سلامتی اور دوطرفہ دفاعی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو ان دنوں ازبکستان کے اہم دورے پر ہیں۔
ملاقات کے دوران ازبک وزیر دفاع نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی صلاحیتوں کو سراہا، جبکہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان دفاعی تعاون کے فروغ پر بھی گفتگو ہوئی۔
دونوں جانب سے مشترکہ فوجی مشقوں اور پیشہ ورانہ تبادلوں کے ذریعے تعاون بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک نے آپریشنل تیاری اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاکستان اور ازبکستان کے گہرے برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا۔
دونوں ممالک نے ایک دوسرے کی مہارت اور صلاحیتوں سے استفادہ کرتے ہوئے دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔