کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کو بھارت سے فنڈنگ مل رہی ہے، طلال چودھری کا دعویٰ
گرفتار ملزمان سے اہم انکشافات، انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی،اہم پریس کانفرنس
کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کو بھارت سے فنڈنگ مل رہی ہے، طلال چودھری کا دعویٰ
اسلام آباد میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی تحریک ہرگز حقوق کی تحریک نہیں ہے بلکہ اس کے ذریعے منظم طریقے سے انتشار پھیلایا جا رہا ہے۔
وزیر مملکت داخلہ نے انکشاف کیا کہ کالعدم کمیٹی کے گرفتار شرپسندوں سے کی جانے والی تفتیش کی بنیاد پر مزید اہم گرفتاریاں عمل میں آئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ امتیاز اسلم کالعدم کمیٹی کی کور کمیٹی کا رکن ہے جو قیادت کے درمیان رابطہ کاری کے فرائض انجام دیتا تھا۔ دورانِ تفتیش یہ بات بھی سامنے آئی کہ گرفتار افراد نے کشمیر اسلحہ منتقل کرنا تھا، جبکہ اصغر سرحدی علاقوں سے اسلحہ آگے پہنچانے میں ملوث تھا اور ماجد نامی شخص ضیاء سے رابطہ رکھ کر اسلحہ فراہم کرتا تھا، اسی طرح ناظم نامی شخص کا رابطہ عمار سہیل سے تھا۔
طلال چودھری کا مزید کہنا تھا کہ کالعدم ایکشن کمیٹی کو بھارت کی جانب سے فنڈنگ کی جا رہی ہے۔ حکومت نے اس کمیٹی کے 38 میں سے 37 مطالبات پہلے ہی تسلیم کر لیے ہیں لیکن اس کے باوجود شرپسندی کا سلسلہ بند نہیں کیا گیا۔ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کالعدم ایکشن کمیٹی کی کور کمیٹی کے شرپسندوں کی آڈیوز بھی میڈیا کے سامنے پیش کیں۔