صوبوں کے معاملے پر واضح موقف ہے کہ عوامی رائے لے لیں، وزیراطلاعات عطااللہ تارڑ
عطااللہ تارڑ کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے بات چیت جاری، ملکی قوانین کے مطابق قواعد اپنانے کی ضرورت ہے۔
صوبوں کے معاملے پر واضح موقف ہے کہ عوامی رائے لے لیں، وزیراطلاعات عطااللہ تارڑ
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ صوبوں کے معاملے پر حکومت کا واضح مؤقف ہے کہ عوامی رائے لے لی جائے، اگر رائے حق میں آتی ہے تو ٹھیک ہے اور اگر نہیں آتی تو ایسا نہ کیا جائے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطااللہ تارڑ نے کہا کہ سیاسی استحکام کے لیے ہمیں عوامی خدمت اور ڈیلیوری پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے، نہ کہ سیاسی پوائنٹ اسکورنگ پر۔
انہوں نے کہا کہ صوبوں کے معاملے پر عوامی رائے لے لی جائے، اگر عوامی رائے اس کے حق میں آتی ہے تو ٹھیک ہے، بصورت دیگر ایسا نہ کیا جائے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ صوبوں کے حوالے سے عوامی رائے جاننے کے لیے پورے ملک میں بحث جاری ہے، جب عوامی رائے پارلیمنٹ میں آنے کا وقت ہوگا تو وہ سامنے آ جائے گی۔
عطااللہ تارڑ نے سوشل میڈیا کے حوالے سے کہا کہ اس معاملے پر بہتر کوآرڈینیشن کرنے کی ضرورت ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے بات چیت بھی جاری ہے، اگر وہ اپنے قوانین کو ملکی قوانین کے برابر لے آئیں تو اس سے کافی بہتری آ سکتی ہے۔