سندھ کے نامور موسیقار اور گلوکار استاد بادل راہی انتقال کر گئے

مرحوم کی نمازِ جنازہ اور تدفین میں سیاسی، سماجی، کاروباری، علمی و ادبی شخصیات، صحافیوں، فنکاروں، موسیقی سے وابستہ افراد کی شرکت

November 24, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

بدین : سندھ کی موسیقی کی دنیا کا ایک اور روشن باب اختتام پذیر ہوگیا، نامور موسیقار اور سُریلے گلوکار استاد بادل راہی طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔

ان کے انتقال کی خبر سے موسیقی سے وابستہ حلقوں سمیت سندھ بھر میں سوگ کی فضا چھا گئی۔ استاد بادل راہی نے اپنی خوبصورت آواز، منفرد انداز اور موسیقی کے ذریعے کئی دہائیوں تک شائقین موسیقی کے دلوں پر راج کیا۔

معروف اور بڑے ٹی وی چینلز کے علاوہ محفل موسیقی اور مختلف پروگراموں کے اسٹیج پر ان کے گائے ہوئے متعدد مقبول گیت آج بھی موسیقی کے شائقین میں بے حد پسند کیے جاتے ہیں۔ استاد بادل راہی اپنی فنی خدمات اور منفرد موسیقی کے باعث سندھ کی موسیقی کی دنیا میں ایک ممتاز اور منفرد مقام رکھتے تھے۔

ان کے انتقال سے سندھ ایک ایسے فنکار سے محروم ہوگیا ہے جس نے اپنی آواز اور فن کے ذریعے سندھی ثقافت اور موسیقی کو ملک بھر میں متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کیا ، مرحوم کی نمازِ جنازہ اور تدفین میں سیاسی، سماجی، کاروباری، علمی و ادبی شخصیات، صحافیوں، فنکاروں، موسیقی سے وابستہ افراد اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

شرکا نے استاد بادل راہی کی فنی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی آواز، فن اور موسیقی کے لیے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے مرحوم کے اہلِ خانہ سے تعزیت اور گہرے دکھ کا اظہار کیا۔