نوابشاہ: شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی میں اساتذہ اور سیکیورٹی انچارج لڑپڑے

ہاتھا پائی کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ،گتھم گتھا دکھائی دے رہے ہیں

November 24, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

نوابشاہ : شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی نوابشاہ میں اساتذہ اورسیکیورٹی انچارج آپس میں جھگڑ پڑے جبکہ ہاتھا پائی کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

دوسری طرف یونیورسٹی کے ترجمان نے واقعے کو غلط فہمی کا نتیجہ قراردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مختلف سوشل میڈیا گروپس میں شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی میں ہاتھا پائی کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے۔

ویڈیو میں سیکیورٹی انچارج نوید لاکھو اور اساتذہ ایک دوسرے سے گتھم گتھا دکھائی دے رہے ہیں۔ ویڈیوسوشل میڈیا پروائرل ہونے کے بعدیونیورسٹی انتظامیہ شدید تنقید کی زد میں آگئی ہے اور شہری یونیورسٹی میں انتظامی نظم و ضبط کے معاملے پر سوال اٹھارہے ہیں۔

یونیورسٹی ذرائع کے مطابق یونیورسٹی میں اسپورٹس گالا کی افتتاحی تقریب تھی، اس دوران کلاس رومز کو تالے لگادیے گئے جس پر اساتذہ نے اعتراض کیا اور کلاس رومز کھولنے کاکہا جس پر اساتذہ اور یونیورسٹی سیکیورٹی کے درمیان پہلے تلخ کلامی اورپھر ہاتھا پائی شروع ہوگئی۔

ذرائع نے دعوٰی کیا ہے کہ ہاتھا پائی کے دوران وائس چانسلر ڈاکٹر مدد علی شاہ بھی وہاں موجود تھے اوران کی موجودگی میں ہی پہلے تلخ کلامی اورپھر ہاتھاپائی ہوئی۔

دوسری طرف یونیورسٹی کے ڈائریکٹر تعلقات عامہ کاشف نورانی نے اپنے اعلامیے میں کہا ہے کہ اسپورٹس گالا کے باعث کلاسیں بند تھیں اور واقعہ اساتذہ اور سیکیورٹی افسر کے درمیان غلط فہمی کی بنیاد پر پیش آیا تاہم معاملہ باہمی طور پر حل کرلیا گیا ہے اور یونیورسٹی کی تدریسی و انتظامی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں۔