وزیراعظم شہباز شریف کا نئی دہلی میں بہترین سفارتی طرزعمل پر مصدق ملک کو خراج تحسین
اہم ملاقات، بھارتی دورے پر تفصیلی بریفنگ، سفارتکاری کا نیا معیار قائم ہوا، وزیراعظم کا بیان۔
وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق مسعود ملک کی ملاقات کا منظر۔
وزیراعظم شہبازشریف نے نئی دہلی میں تہذیبی مکالمے کے دوران بہترین سفارتی طرزعمل پر ڈاکٹر مصدق ملک کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
شہباز شریف سے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق مسعود ملک نے ملاقات کی ہے، جس میں انہوں نے اپنے حالیہ دورہ بھارت اور نئی دہلی میں منعقدہ شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے تہذیبی مکالمے کے حوالے سے وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی۔
سرکاری ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران وزیراعظم نے نئی دہلی میں شنگھائی تعاون تنظیم کے تہذیبی مکالمے میں پاکستان کا مؤقف اور نمائندگی بہترین انداز میں پیش کرنے پر ڈاکٹر مصدق ملک کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر مصدق ملک نے مکالمے میں پاکستان کی بھرپور نمائندگی کرتے ہوئے تاریخ اور زمینی حقائق کو انتہائی مؤثر انداز میں دنیا کے سامنے پیش کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر ڈاکٹر مصدق مسعود ملک کے شاندار اندازِ بیاں اور اردو زبان پر عبور کی بھی کھل کر تعریف کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر مصدق ملک نے خطے میں پاکستان کے مثبت تاثر اور تشخص کو اجاگر کرنے کے لیے تحمل اور فکری صراحت پر مبنی سفارتکاری کا ایک نیا معیار متعارف کروایا ہے جو انتہائی قابلِ تعریف ہے۔