کراچی میں شدید گرمی کی لہر برقرار: پارہ 43 ڈگر ی تک پہنچ گیا

کراچی : محکمہ موسمیات نے کراچی والوں کو خبر دار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج شہر بھر میں سورج خوب آگ برسائے گا، جب کہ درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی شہر قائد میں درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ گرمی کی شدت (ہیٹ انڈیکس)44 ڈگری محسوس کی جارہی ہے۔ اس کے علاہ آج دن بھر شمال کی جانب سے گرم ہوائیں چلتی رہیں گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں گرم اور خشک ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 19 فیصد ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعہ (25 مئی) سے کراچی میں گرمی کم ہونے کا امکان ہے۔گزشتہ روز بھی کراچی میں سورج نے آگ برسائی اور درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
واضح رہے کہ 18 مئی کو محکمہ موسمیات نے کراچی میں ہیٹ ویو ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ آئندہ 6 روز کے دوران سمندری ہوائیں رُکنے سےکراچی کے شہریوں کو شدید گرمی کا سامنا کرنا پڑے گا۔اس سے قبل بھی محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی میں رمضان المبارک کا پہلا ہفتہ شدید گرم ہونے کی پیش گوئی کی گئی تھی۔