گرمی کی لہر برقرار، آج پارہ 40 ڈگری تک جانے کا امکان

کراچی: ملک بھر میں گرمی کی شدید لہر برقرار ہے۔ آج کراچی کا پارہ 40 ڈگری تک جانے کا امکان ہے جبکہ شہریوں کے لئے کل سے ہیٹ ویو کی نئی وارننگ جاری کردی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق منگل سے جمعرات تک درجہ حرارت 40 سے 44 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ جبکہ آج کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، شہر میں 27 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سمندری ہوائیں چل رہی ہیں۔ ہیٹ ویو کے دوران شمال اور شمال مغرب کی طرف سے گرم ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت سکھر میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ آج بھی گرمی کی شدت برقرار ہے۔ پنجاب میں لاہور، فیصل آباد سمیت تمام شہروں میں گرمی کی شدت برقرار ہے۔ اس کے علاوہ سکھر سمیت بالائی سندھ بھی شدید گرمی ہے۔
خیبر پختونخوا اور ملحقہ قبائلی علاقہ جات میں بھی موسم شدید گرم ہے جبکہ چند مقامات پر مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔ پشاور، ڈی آئی خان، بنوں، کوہاٹ اور کالام میں بھی شدید گرم موسم سے شہری پریشان ہیں۔