جسٹس (ر) ناصر الملک آج نگراں وزیراعظم کا حلف اٹھائیں گے

اسلام آباد: جسٹس (ر) ناصر الملک آج نگراں وزیراعظم کا حلف اٹھائیں گے۔
نگراں وزیراعظم کی حلف برداری کی تقریب آج صبح 11 سے 12 بجے کے دوران ایوان صدر اسلام آباد میں ہوگی جہاں صدر مملکت ممنون حسین، جسٹس (ر) ناصر الملک سے نگراں وزیراعظم کے عہدے کا حلف لیں گے۔
تقریب میں سابق وزیراعظم، سابق کابینہ و قومی اسمبلی ارکان، سینیٹ کے چیئرمین اور ارکان، ججز اور مسلح افواج کے سربراہان شرکت کریں گے۔
سابق چیف جسٹس ناصرالملک وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کےبعد اپنی کابینہ کی تشکیل کا کام مکمل کریں گے۔
واضح رہے کہ موجودہ حکومت اپنی پانچ سالہ مدت مکمل کرکے گزشتہ رات 12 بجے ختم ہوگئی تھی، جس کے بعد نگراں حکومت اپنی ذمہ داریاں سنبھالے گی۔