اصغر خان کیس میں مزید تاخیر برداشت نہیں کرینگے۔ چیف جسٹس

لاہور: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ اصغر خان کیس میں مزید تاخیر برداشت نہیں کریں گے۔
سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے اصغر خان عملدرآمد کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پر سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی، میر حاصل بزنجو، عابدہ حسین، غلام مصطفی کھر، ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن، اسد درانی اور روئیداد خان سمیت دیگر پیش ہوئے۔
دوران سماعت چیف جسٹس نے ایف آئی اے سے استفسار کیا کہ کیا نواز شریف نے بیان ریکارڈ کرادیا جس پر عدالت کو بتایا گیا کہ ان کی جانب سے بیان آچکا ہے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اصغر خان عمل درآمد کیس میں مزید تاخیر برادشت نہیں کریں گے، ایک منٹ ضائع کئے بغیر تفتیش مکمل کریں اور ایف آئی اے جس کو بلائے اس کو جانا ہوگا۔ اس عدالت کے دائرہ میں کسی ایجنسی کا کوئی زور نہیں ہے۔
جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا کہ پرویز مشرف کو پاکستان آنے میں جو رکاوٹ تھی وہ ختم کردی اب ان کی بہادری پر ہے کہ وہ آتے ہیں یا نہیں۔ پرویز مشرف آئیں اور دکھائیں کہ وہ کتنے بہادر ہیں، وہ آئیں گے تو قانون کے تحت کارروائی ہوگی۔