کامیاب دورہ انگلینڈ و آئرلینڈ کے بعدقومی ٹیم کی وطن واپسی

انگلینڈ، اسکاٹ لینڈ اور آئرلینڈ کے کامیاب دورے کے بعد قومی ٹیم کے 5 کھلاڑی غیر ملکی پرواز ای کے 624 کے ذریعے براستہ دبئی لاہور پہنچے جن میں حسن علی، فہیم اشرف، احمد شہزاد، راحت علی اور آصف علی شامل ہیں۔
قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے جہاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کا جیتنا بڑی کامیابی ہے، اکثریت کا خیال تھا کہ ٹیم ہار کر آئے گی تاہم پاکستان ٹیم جیت کے ٹریک پر ہے۔
سرفراز احمد نے کہا کہ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم دنیا کی نمبر ون ٹیم ہے اور چیمپئنز ٹرافی ماضی کا حصہ ہے اب ہمیں آگے کی طرف بڑھنا ہوگا۔
یاد رہے کہ قومی ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز کھیلے جس میں ایک میں کامیابی اور ایک میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا اور اس طرح سیریز برابر رہی۔
آئرلینڈ کے خلاف کھیلا جانے والا واحد ٹیسٹ بھی گرین کیپس کے نام رہا جب کہ قومی ٹیم نے اسکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلے گئے دونوں ٹی ٹوئنٹی میچز اپنے نام کیے۔