ماسکو: کھیلوں کا سامان بنانے والی مشہور کمپنی ’ایدی داس‘ نے ماسکو میں جاری فٹ بال ورلڈکپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں استعمال ہونے والا فٹ بال متعارف کرا دیا ہے جس کا نام ”تلستر مشتا“ ہے اور اس کے ڈیزائن میں سرخ رنگ کا اضافہ کیا گیا ہے۔روسی زبان میں ’مشتا‘ کا مطلب ’خواب‘ یا ’امتیاز‘ ہے اور اس نام کا انتخاب ٹورنامنٹ میں ’نمایاں امتیاز‘ یعنی ٹرافی جیتنے کی جنگ لڑنے والے کھلاڑیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے کیا گیا ہے۔ نئے فٹ بال کا ڈیزائن بھی پہلے مرحلے میں استعمال ہونے والے ’تلستر 18‘ سے ملتا جلتا ہے تاہم ناک آؤٹ مرحلے کے بعد کھلاڑیوں اور مداحوں میں پیدا ہونے والے تناؤ اور جذبے کو ظاہر کرنے کیلئے سرخ رنگ کو نمایاں کیا گیا ہے۔