ترکی میں پٹری کے بیٹھ جانے سے ٹرین کو حادثہ، 24 مسافر ہلاک

انقرہ: ترکی میں بارشوں کے سبب پٹری کے نیچے موجود مٹی نکل جانے سے پٹری بیٹھ گئی جس کے باعث ٹرین کو حادثہ پیش آگیا۔ حادثے میں 24 مسافر ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔


غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکی کے شمال مغربی شہر تکیرداغ میں ٹرین پٹری سے اتر گئی جس سے 24 مسافر ہلاک اور 73 زخمی ہوگئے۔ حادثے کا شکار ہونے والی ٹرین میں 360 مسافر سوار تھے جو استنبول جارہے تھے۔


حادثہ سے متعلق ترکی کے نائب وزیراعظم رجب نے کہا ہے کہ ٹرین کی 6 بوگیاں پٹری سے اتریں۔ امدادی کارروائیاں مکمل کرلی گئی ہیں اور بوگیوں کے ملبے میں پھنسے تمام زخمیوں کو نکال کر طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کردیا ہے۔


وزارت ٹرانسپورٹ کے مطابق شدید بارشوں کی وجہ سے پٹری کے نیچے موجود مٹی بہہ گئی جس کی وجہ سے پٹری بیٹھ گئی جبکہ تکیرداغ کے گورنر کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ خراب موسم کی وجہ سے پیش آیا، حالیہ بارشوں کی وجہ سے پٹری کے آس پاس کا علاقہ بھی دلدلی اور کیچڑ والا ہورہا تھا۔