آسٹریلوی کرکٹر میکسویل کی کپتان سرفراز سے معذرت

 

آسٹریلوی کرکٹر دنیا بھر میں اپنے سخت گیر اور بدتمیزی کے حوالے سے دنیا بھر میں شہرت رکھتے ہیں ایسے ہی ایک واقعے میں آسٹریلیا کے گلین میکس ویل سے شکست برداشت نہیں ہوئی اور وہ اخلاقیات کی تمام حدود پار کر گئے۔
اتوار کی شام ہرارے میں جب پاکستانی کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا کو تین قومی فائنل میں چھ وکٹ سے شکست دی تو پاکستانی کپتان سرفراز احمد خوشی سے شرسار جذباتی ہوکر میدان میں داخل ہوگئے۔

وہ دیوانہ وار اپنے بیٹسمینوں شعیب ملک اور آصف علی سے مل رہے تھے اور ان کی خوشی دیدانی تھی لیکن یہ وہ لمحہ تھا جب آسٹریلیا کے بیٹسمین گلین میکس ویل کو سرفراز احمد کی یہ ادا پسند نہیں آئی۔انہوں نے سب سے پہلے سرفراز احمد کو گالیاں دیں پھر ان سے مصافحہ کرنے سے گریز کیا۔میکس ویل نے یہ بھی کہا کہ تمہارا کوئی کھلاڑی گراؤنڈ میں تم سے پہلے نہیں آیا۔

 

https://www.youtube.com/watch?v=94w5p-hCuTM

ابتدا میں سرفراز احمد نے ان کی نازیبا گفتگو کو نظر انداز کرتے رہے تاہم بعد میں وہ بھی غصے سے بے قابو ہوگئے اور دونوں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔میکس ویل کی ویڈیو سوشل میڈیا پر آنے کے بعد آسٹریلوی کرکٹر پر شدید تنقید ہوئی جس کے بعد کرکٹ آسٹریلیا اور ٹیم انتظامیہ نے میکس ویل کو معافی مانگے کے لئے کہا۔

پیر کی شام کو جب پاکستانی ٹیم ہرارے سے بولاوایو روانہ ہونے والی تھی اور اسی وقت آسٹریلوی ٹیم وطن جانے کے لئے ایئر پورٹ جارہی تھی۔میکس ویل ہوٹل کی لابی میں سرفراز احمد کے پاس آئے اور اپنے نامناسب رویے پر معذرت کی اس طرح اس کہانی کا خاتمہ خوشگوار ماحول میں ہوا۔

عینی شاہدین کے مطابق میکس ویل شرمندہ تھے اور سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید سے وہ حواس باختہ لگ رہے تھے۔میکس ویل نے کہا کہ جان بوجھ کر سرفراز احمد سے ہاتھ نہ ملانے کی بات درست نہیں ہے، میں سرفراز احمد کو دیکھ ہی نہیں سکا تھا، اب میں ہوٹل میں انتظار کررہا ہوں تاکہ سرفراز احمد سے ہاتھ ملاؤں اور ان کی ٹیم کو کامیابی پر مبارکباد دوں۔