سری نگر: قابض بھارتی فوج کی مقبوضہ وادی میں ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے، بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے کشمیری نوجوان 15 روز بعد جام شہادت نوش کرلیا۔
کشمیری میڈیا سیل کے مطابق 25 جون کو بھارتی فوج کی بربریت کا نشانہ بنانے والا گیارہویں کلاس کے طالب علم عبید منظور لون نے مقامی اسپتال میں 15 روز بعد جام شہادت نوش کرلیا۔
قابض بھارتی فوج نے طالب علم کو اس وقت گولی کا نشانہ بنایا جب وہ اپنے ہم جماعت ساتھیوں کے ہمراہ بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔
دریں اثنا ضلع شوپیاں میں بھارتی فوج کا سرچ آپریشن جاری ہے۔ داخلی اور خارجی راستوں پر تعینات سیکورٹی اہلکاروں نے رہائشیوں کی نقل وحمل کو بند کر رکھا ہے ضلع شوپیاں کے رہائشی اسحاق نائیکو کو دل کا دورہ پڑنے پر سیکورٹی اہلکاروں نے اسپتال لے جانے کی اجازت نہیں دی جس کے باعث وہ انتقال کرگئے۔