اسلام آباد: قائم مقام امریکی سفیر جان ایف ہوور کی قیادت میں وفد نے بنی گالا میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور متوقع وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی اور الیکشن میں کامیابی پر مبارک باد دی۔
تحریک انصاف کے اعلامیے کے مطابق ملاقات میں عمران خان نے کہا کہ پاکستان، افغانستان میں مکمل استحکام کا خواہش مند ہے، انہوں نے ہمیشہ افغانستان میں سیاسی حل کی ضرورت پر زور دیا، خوشی ہے آج امریکا سے بھی سیاسی حل کے حق میں آوازیں بلند ہورہی ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ جنگ اور طاقت کا استعمال افغانستان کے مسئلے کا حل نہیں، افغانستان کا استحکام پاکستان، امریکا اور خطے کے مفاد میں ہے، پاک امریکا تعلقات میں اتار چڑھاؤ کی وجہ باہمی اعتماد کا فقدان ہے۔
عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف امریکا کے ساتھ اعتماد پر مبنی تعلقات کیلیے پرعزم ہے، امریکا کے ساتھ مستحکم تجارتی اور معاشی تعلقات کو نہایت اہم سمجھتے ہیں، پاکستان کے امریکا کے ساتھ سفارتی تعلقات میں مزید سرگرمی وقت کا تقاضا ہے۔
دوسری جانب ایران کے صدر حسن روحانی نے عمران خان کو ایران کے دورے کی دعوت دے دی جسے انہوں نے قبول کرلیا۔
ایران کے صدر حسن روحانی نے عمران خان کو ٹیلے فون کیا اور پاک، ایران تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
صدر حسن روحانی نے کہا کہ پاک ایران تعلقات میں مزید پختگی اور اضافے کے خواہاں ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایران سے خصوصی تجارتی تعلقات قائم کرنا چاہتا ہے، پاکستان ایران کےساتھ سفارتی تعلقات میں مزید مستحکم کرنے کا خواہشمند ہے۔