منحرف ارکان کا پتہ چلا لیا،ن لیگ کا دعویٰ

 

لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں اسپیکر کے انتخاب کے دن منحرف ہونے والے ارکان میں سے چند کے بارے میں علم ہو گیا ہے، دیگر کا بھی جلد پتہ چل جائے گا۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ نون پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزارت اعلیٰ کے انتخاب میں شکست کی صورت میں حمزہ شہباز ہی پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ہوں گے۔

 

مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ ن کے 161 ارکان ہیں جن میں سے 2 حج کی ادائیگی پر گئے ہوئے ہیں۔ اس طرح انتخابات کے دن ایوان میں پارٹی کے 159 ارکان موجود ہوں گے، کئی آزاد امیدوار بھی حمزہ شہباز کی حمایت کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے وزیراعلیٰ کے امیدوار پر قتل کے مقدمات ہیں اس لیے یہ زیادہ دیر اپنے عہدے پر قائم نہیں رہ سکیں گے۔