کراچی : آئی جی سندھ نے پولیس افسران کو سینٹرل پولیس آفس میں مہمانوں کی خاطر مدارات سے روک دیاہے، مہمان کو صرف سینٹرل پولیس آفس کی پہلی منزل پر چائے خانے میں بٹھایا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق نئے آئی جی سندھ کلیم امام نے سینٹرل پولیس آفس میں تبدیلی کا آغاز کرتےہوئے سینئر افسران کو سخت حکم نامہ جاری کردیا ہے۔
حکم نامے کے مطابق سی پی او میں کام کرنے والے افسران مہمانوں سے نہیں ملیں گے، مہمان کو صرف سینٹرل پولیس آفس کی پہلی منزل پر چائے خانے میں بٹھایا جائے گا، متعلقہ افسر اپنے مہمان سے چائے خانے میں ہی ملاقات کرے گا، ذرائع کا کہنا ہے کہ سی پی او میں پولیس افسران مہمانوں سے گھنٹوں گپ شپ کیا کرتے تھے، دفترمیں ہی کھانے اور چائے کا دوربھی چلتا تھا، افسران کام کرنے کے بجائے اپنے دفاتر میں بیٹھ کر لمبی لمبی میٹنگز کیا کرتے تھے، ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ آئی جی سندھ نے پولیس کے سینئرافسران سے مشاورت کے بعد حکم نامہ جاری کیا ہے۔