اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کے سابق ڈائریکٹر جنرل اختر نواز گنجیرہ کو نارووال اسپورٹس سٹی منصوبے میں کروڑوں روپے کے گھپلوں پر گرفتار کر لیا ہے، جبکہ ایف آئی اے نے سابق وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ، سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سمیت پی ایس بی کے بعض افسران کو بھی اسی کیس میں شامل تفتیش کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
نارووال اسپورٹس سٹی منصوبے کے پراجیکٹ ڈائریکٹر رہنے والے اختر گنجیرہ کو گزشتہ رات اسلام آباد اسپورٹس کمپلیکس میں واقع سرکاری رہائشگاہ سے گرفتار کیا گیا ہے جسے انہوں نے ریٹائر ہونے کے سات ماہ بعد بھی اپنے قبضے میں رکھا ہوا ہے۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق نارووال اسپورٹس سٹی منصوبے میں ہونے والی کرپشن اور اس میں ملوث افراد کو تحفظ فراہم کرنے میں احسن اقبال، ریاض پیرزادہ، یوسف رضا گیلانی اور سابق وزیر اعظم کے قریب سمجھے جانے والے اعجاز گل کے نام بھی سامنے آئے ہیں۔ ایف آئی اے زراع کا کہنا ہے کہ گرفتاریوں کے بعد اگلے مرحلے میں مذکورہ سیاسی شخصیات کو بھی شامل تفتیش کیا کا سکتا ہے