واشنگٹن: امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے ایک بار پھر پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی کی ہے۔
اطلاعات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور پاکستانی وزیراعظم عمران خان ٹوئٹر پر آمنے سامنے آگئے،ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی تازہ ٹوئٹ میں کہا کہ امریکا کو اسامہ بن لادن کو بہت پہلے ہی پکڑ لینا چاہیے تھا، نائن الیون حملے سے پہلے ہی میں نے اپنی کتاب میں اسامہ کی نشاندہی کردی تھی، صدر بل کلنٹن اسامہ بن لادن کے معاملے میں چونک گئے۔
امریکی صدر نے ایک بار پھر امداد بند کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے لکھا کہ اب مزید اربوں ڈالر پاکستان کو نہیں دیں گے، پاکستان نے ہمارے پیسے لے کر بھی ہمارے لیے کچھ نہیں کیا، اسامہ بن لادن اس کی بڑی مثال ہے جبکہ افغانستان دوسری مثال ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان بھی ایسے ممالک میں سے ایک تھا جو امریکا سے پیسے لیتے تھے لیکن بدلے میں انہوں نے کچھ نہیں دیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کی ہرزہ سرائی کا جواب دیتے ہوئے وزیراعظم پاکستان عمران خان نے ٹوئٹ کیا کہ ٹرمپ کے غلط دعوے دہشتگردی کیخلاف امریکی جنگ میں پاکستان کو جانی و مالی نقصان کی صورت میں لگنے والے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ امریکی صدر کو تاریخی حقائق سے آگاہی کی ضرورت ہے، پاکستان نے امریکی جنگ میں بہت زیادہ نقصان اٹھایا ہے لیکن اب ہم وہی کریں گے جو ہمارے اور ہمارے لوگوں کے مفاد میں بہتر ہوگا۔
خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک روز قبل بیان دیا تھا کہ واشنگٹن نے اسلام آباد کو بہت کچھ دیا لیکن اس نے بدلے میں کچھ نہیں دیا۔
امریکی صدر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نےکہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے 75 ہزار جانیں قربان کیں اور معیشت کو ایک سو 23 ارب ڈالر کا نقصان بھی ہوا جبکہ امریکی امداد صرف 20 ارب ڈالر تھی۔
وزیر اعظم نے کہاکہ ستمبر 2001 کے حملے میں کوئی پاکستانی ملوث نہیں تھا لیکن پھر بھی پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں امریکا کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا تھا۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے قبائلی علاقے تباہ ہوئے جس کے نتیجے میں لاکھوں افراد بے گھر ہوئے، دہشت گردی کے خلاف اس جنگ نے پاکستانی عوام کی زندگیوں پر بدترین اثرات مرتب کیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان زمینی اور فضائی مواصلاتی راستوں تک مفت رسائی فراہم کرتا رہا، کیا ڈونلڈ ٹرمپ کسی ایسے اتحادی کا نام بتاسکتے ہیں جس نے ایسی قربانیاں دی ہوں؟۔