واشنگٹن: دنیا کی مشہور ہوٹل چین میریٹ انٹرنیشنل نے انکشاف کیا ہے کہ امریکا میں ان کے 500 ملین (50 کروڑ) مہمانوں کا ڈیٹا چوری کرلیا گیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ہیکرز نے میریٹ انٹرنیشنل کے مہمانوں کے ڈیٹا بیس تک رسائی حاصل کی، جس میں 50 کروڑ مہمانوں کی ذاتی معلومات موجود تھیں۔
اس ڈیٹا لیک کو گذشتہ دنوں یاہو کے 3 ارب صارفین کی ڈیٹا ہیکنگ کے بعد کنزیومر (صارفین) ڈیٹا تک رسائی کے بڑے واقعات میں سے ایک قرار دیا جارہا ہے۔
کمپنی کے ایک بیان کے مطابق ستمبر میں پہلی بار مہمانوں کے ڈیٹا بیس تک غیر مجاز پارٹی کی رسائی کی کوشش کا الرٹ ملا اور تحقیقات کے دوران پتا چلا کہ مہمانوں کے ڈیٹا بیس تک رسائی کا آغاز 2014 میں ہوا۔
بیان کے مطابق غیر مجاز پارٹی نے اسٹار وُڈ گیسٹ ریزرویشن ڈیٹا بیس سے میریٹ انٹرنیشنل کے مہمانوں کی ذاتی معلومات تک رسائی حاصل کی اور معلومات کاپی کی گئیں۔
بیان کے مطابق تقریباً 33 کروڑ مہمانوں کی معلومات میں ان کے نام، پتے، فون نمبر، ای میل ایڈریس، پاسپورٹ نمبر، گیسٹ اکاؤنٹ انفارمیشن، تاریخ پیدائش، آمد و رفت کی معلومات اور ریزرویشن کی تاریخ شامل ہیں جب کہ کئی مہمانوں کے کریڈٹ کارڈز کی معلومات بھی کوڈز کی صورت میں موجود تھیں۔
میریٹ انٹرنیشنل کی انتظامیہ کو خدشہ ہے کہ یہ معلومات ڈی کوڈ کی جاسکتی ہیں۔کمپنی انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ حکام کے ساتھ مل کر مسئلے پر قابو پانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔