نیویارک:بالی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا اور ہالی وڈ گلوکار نک جونس رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔پریانکا اور نک جونس نے شادی کی تقریبات کیلئے بھارت کے تاریخی شہر جودھپور کا انتخاب کیا جہاں ان کی شادی کی رسومات عمید بھون ہوٹل میں ادا کی گئیں۔
دونوں شخصیات کی شادی میں قریبی دوستوں اور رشتے داروں نے شرکت کی اور ان کی شادی عیسائی رسومات کے مطابق انجام پائی۔
پریانکا اور نک جونس کی شادی کی دوسری تقریب جودھپور کے اِسی مقام پر کل ہوگی جس میں ہندو طریقے سے رسومات ادا کی جائیں گی۔
شادی میں دونوں نے رالف لورین کے ڈیزائن کئے ہوئے کپڑے پہنے ہیں، پریانکا نے رالف لورین کا ویڈنگ گاؤن پہنا۔جوڑے نے مشہور جیولر چوپرڈ کے ڈیزائن کئے ہوئے ویڈنگ بینڈ ایک دوسرے کو پہنائے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شادی کی تقریبات کے بعد پریانکا اور نک جونس کی جانب سے 2 استقبالیے دیئے جائیں گے جو کہ دہلی اور ممبئی میں ہوں گے۔
واضح رہے کہ بالی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے امریکی گلوکار نک جونس سے رواں سال اگست میں منگنی کی تھی۔