سنچورین میں کھیلے جارہے سیریزکے تیسرے اورآخری ٹونٹی 20 میچ میں جنوبی افریقہ نے6وکٹوں کے نقصان پر80رنز بنا لیے۔
اس سے قبل پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے9وکٹوں کے نقصان پر168رنزبنا کرجنوبی افریقہ کو جیت کیلے 169رنز کا ہدف دیا تھا۔
شاداب خان نے آخری اوور میں 3 شاندار چھکوں کی مدد سے 21 رنز بناکر ٹیم کو فائٹنگ ہدف تک پہنچایا، شاداب خان نے 8 گیندوں پر 22 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
محمد رضوان 26 اور آصف علی 25 رنز بنا کر نمایاں رہے جب کہ بابر اعظم نے 23، فخرزمان نے 17، شعیب ملک نے 18،حسین طلعت 3، عماد وسیم 19،فہیم اشرف 4 اور محمد عامر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
جنوبی افریقی کپتان ڈیوڈ ملر نے ٹاس جیتا اور پاکستان کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔
میچ کے لیے میزبان ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جب کہ قومی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، عثمان شنواری اور حسن علی کی جگہ محمد عامر اور فہیم اشرف کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
ٹاس کے موقع پر پاکستانی کپتان شعیب ملک کا کہنا تھا کہ سیریز کے پہلے میچز میں ٹیم نے زبردست مقابلہ کیا تاہم جیت کے قریب پہنچ کر فتح نہ سمیٹ سکے اب آخری میچ جیت کر دورے کااختتام اچھے انداز میں کرنا چاہتے ہیں۔
خیال رہے کہ جنوبی افریقا کو تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز میں دو صفر سے واضح برتری حاصل ہے۔ جوہانسبرگ میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 7 رنز سے شکست دے کر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کر لی تھی جبکہ اس سے قبل پروٹیز نے پہلے ٹی ٹونٹی میں پاکستان کو 6 رنز سے ہرایا تھا۔
واضع رہے کہ جنوبی افریقا نے دورے میں پاکستان ٹیم کو تینوں فارمیٹس میں شکست دی ہے۔ ٹیسٹ سیریز میں میزبان ٹیم 0-3 سے فاتح رہی۔ ون ڈے سیریز میں پاکستان نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن جنوبی افریقا 2-3 سے کامیاب رہا۔